عمران خان کا منگل سے دوبارہ لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان

شہباز شریف کی فل کورٹ آفر کا مشروط خیر مقدم

لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا منگل سے دوبارہ لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان،ان کا کہنا ہے منگل کو شاہ محمود قریشی کی قیادت میں مارچ چلے گا راولپنڈی سے آگے میں قیادت کروں گا۔

شوکت خاتم اسپتال میں پریس کانفرنس میں عمران خان نے پانچ نکات پر مشتمل مختصر سی پریس کانفرنس میں اپنا نکتہ نظر پیش کیا، انھوں نے کہا میں سابق وزیراعظم ہوں مجھ پر گولیاں چلیں لیکن ایف آئی آر درج نہیں ہورہی،کیوں کہ پولیس آزاد نہیں۔

عمران خان نے کہا میں اس لئے حقیقی آزادی کی بات کرتا ہوں سسٹم نامعلوم دباو کی وجہ سے کام نہیں کرتا ، متعلقہ پولیس والے ایف آئی آر درج کرنے سے معذرت کرتے اور کہہ رہے ہیں ہماری جگہ کسی اور کو لے آئیں ہم ایف آئی آر نہیں کاٹ سکتے۔

انھوں نے کہا آپ اندازہ کریں میں ملک کی سب سے بڑی جماعت کا سربراہ اور سابق وزیراعظم ہوں مجھ پر قاتلانہ حملہ ہوا میری ایف آئی آر درج نہیں ہورہی، پوری دنیا دیکھ رہی ہے بلکہ مزاق بنا ہوا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جب میں متاثرہ پارٹی ہوں تو مجھے ملزمان نامزد کرنے کا قانونی اختیار حاصل ہے کوئی حملہ کی سازش میں ملوث ہے یا نہیں اس کا فیصلہ تو عدالت نے کرنا ہے ایف آئی آر درج ہونے میں کیوں رکاوٹ ڈالی جارہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اندازہ خود کریں میں سابق وزیراعظم ہوں اور ایف آئی آر درج نہیں کراسکتا سو عام آدمی کے ساتھ کیا ہوتا ہے؟ انھوں نے کہا یہی تو نکتہ ہے حقیقی آزادی نہ ہونے کا، اسی لئے حقیقی آزادی کی بات کرتا ہوں تاکہ سب کو انصاف مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے جوڈیشل کمیشن کی بات کی میں اسے ویلکم کرتا ہوں، جن 3 لوگوں کے نام لیے ان کے ہوتے ہوئے شفاف تحقیقات نہیں ہوسکتی،پہلے ان کو عہدوں سے ہٹائیں صاف شفاف تحقیقات کرائیں کیونکہ جب تحقیقات کرنے والے ان کے نیچے ہوں گے تو تحقیقات شفاف کیسے ہوگی؟

سابق وزیراعظم نے اس ویڈیو کا بھی تذکرہ کیا جس میں کہا گیا میں مذہب کی توہین کرتا ہوں، انویسٹی گیشن میں پتا چلنا چاہیے ویڈیو کیسے لیک ہوئی؟۔پولیس سے پوچھیں ویڈیو کیسے لیک ہوئی تو وہ کہتے ہیں ہم پردباؤ تھا۔

عمران خان نے ارشد شریف قتل کیس کی بھی جوڈیشل کمیشن سے تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کمیشن سب سے پہلے ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کرے،ارشد شریف پر کس نے دباو ڈالا، یہ مطالبہ اس کی والدہ بھی کررہی ہیں۔

سابق وزیراعظم اعظم سواتی پر پہلے تشدد اور پھر ان کی متنازعہ ویڈیو پر بھی بات کی اور کہا کہ ظلم اور لا قانونیت کی انتہا ہےاس کی سپریم کورٹ تحقیقات کرے اعظم سواتی کے پاس اصلی ویڈیو ہے، وہ سینیٹر ہیں ان کیساتھ یہ سب کچھ ہورہا ہے۔

BIG SUCCESS

تبصرے بند ہیں.