سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان ملتوی، بیل آؤٹ پیکیج دوسری بار موخر
فوٹو: فائل
اسلام آباد: سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان ملتوی، بیل آؤٹ پیکیج دوسری بار موخر ، شیڈول کے مطابق سعودی ولی عہد کا نومبر کے تیسرے ہفتے میں پاکستان کے دورے پر آنا تھا۔
ولی عہد کا دورہ ملتوی ہونے کی سعودی سفارتخانے کی طرف سے تصدیق کی گئی ، رواں ہفتے کے آخر میں سعودی عرب کی خصوصی سکیورٹی ٹیم نے بھی پاکستان پہنچنا تھا۔
موجودہ حکومت کی طرف سے پہلے دعویٰ کیاگیا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے میں پاکستان کو 4.2 ارب ڈالرز کے اضافی بیل آوٹ پیکج ملنے کی توقع ہے۔
شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں مضبوط سرمایہ کاری بھی متوقع تھی،یہ بھی بتایا گیا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے پٹرولیم کے شعبہ میں آئل ریفائنری کے قیام پر معاہدہ بھی متوقع تھا۔
اس حوالے سے بتایا گیا تھا کہ سعودی عرب گوادر میں جدید آئل ریفائنری کے قیام میں مدد کرے گا، گوادر میں 10 ارب ڈالرز کی لاگت سے جدید آئل ریفائنری کے قیام کی سعودی عرب چین کے ساتھ مل کر مدد کرے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق موجودہ غیر یقینی سیاسی صورتحال میں کسی قسم کی مزید خرابی سعودی ولی عہد کے دورے میں رکاوٹ پیدا کر سکتی ہے۔
واضح رہے رواں سال اپریل میں شہبازشریف کے اقتدارمیں آنے کے بعد سعودی عرب کے دورے پر بھی حکومت کے حامی میڈیا اور حکومت کی طرف سے 7 ارب ڈالر ملنے کے دعوے کئے گئے تھے جو بعد میں غلط ثابت ہوئے۔
یہ دوسرا موقع ہے کہ سعودی امداد ملنے کے حوالے سےپھر دعویٰ کیاگیا تاہم ایک بار پھر سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان ملتوی ہوگیا ہے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ دورہ اب کب ہو گا.
ذرائع کے مطابق پاکستان میں غیر مستحکم حکومت کے ساتھ ساتھ ایک بڑے عہدے پر تعیناتی کے متوقع اعلان سے قبل دورہ مناسب نہیں سمجھا گیا ہے اور رواں ماہ دورہ ری شیڈول ہونے کا امکان ہے.
تبصرے بند ہیں.