عمران خان نے 26 نومبر کو لانگ مارچ راولپنڈی پہنچنے کی کال دیدی
راولپنڈی: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 26 نومبر کو لانگ مارچ راولپنڈی پہنچنے کی کال دیدی،سابق وزیراعظم نے کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ مقررہ تاریخ کو راولپنڈی پہنچ جائیں۔
روات میں لانگ مارچ کے شرکا سے ویڈیو لنک سے خطاب میں عمران خان نے کہا مجھے پتہ ہے کہ راولپنڈی میں میری جان کو خطرہ ہے۔ 26 نومبر کو کارکن راولپنڈی پہنچیں میں وہاں خود مارچ کی قیادت کروں گا۔
پی ٹی آئی چیئر مین نے کہا کہ انھوں نے کہا مارچ کے شرکا کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں، حقیقی آزادی کی تحریک سات ماہ پہلے شروع ہوئی، سات ماہ پہلے ہماری حکومت گرائی تب سے میدان میں ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ اس تحریک کے شروع کے بعد لوگوں میں شعور دیکھا، کبھی ایسے سین زندگی میں نہیں دیکھے تھے اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، ایک جاگی ہوئی قوم اپنی آزادی کے لیے جدوجہد کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا پہلے لانگ مارچ میں خواتین، بچوں نے شرکت کی، 25 مئی کے ظلم کو کبھی نہیں بھولوں گا، فاشسٹ، جرائم پیشہ لوگوں کو ہمارے اوپرمسلط کیا گیا، 30 سال سے یہ لوگ منی لانڈرنگ اور قتل عام کر رہے تھے۔
عمران خان نے کہا کہ ماضی میں بھی مارچ کیے ہم نے کبھی رکاوٹ نہیں ڈالی، ہم نے ان کے احتجاج کو روکنے کے لیے کنٹینر نہیں لگائے، ہمیں ڈرانے کے لیے خوف کا ماحول بنایا گیا،میرے ملازمین کو خریدنے کی کوشش کی گئی۔
انھوں نے ایک بار پھر کہا شہباز گل کو ایک جملہ کہنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، شہباز گل کے ایک جملے پر ٹی وی چینل کو بند کر دیا گیا، اعظم سواتی کو برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اعظم سواتی کی ذاتی ویڈیو بنا کر اسے بھیجی گئی۔
عمران خان نے کہا اعظم سواتی پر تشدد کر کے مجھے پیغام دیا گیا کہ ایسا ہو گا، مجھ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا جس کا مجھے پہلے ہی پتا تھا کہ تیاری ہو رہی ہے، مجھے کہا گیا جلسے نہ کریں جان کو خطرہ ہے، میں سیاست کے لیے نہیں قوم کی حقیقی آزادی کے لیے نکلا ہوں۔
سابق وزیراعظم نے کہا مجھے پتہ ہے میری جان کو خطرہ ہے لیکن مجھے اپنی پرواہ نہیں ہے میں اقتدار نہیں حقیقی آزادی کےلئے نکلا ہوں اور حقیقی آزادی کاحصول میرا دیرینہ خواب ہے۔
انھوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اپنے آپ کو این آر او دینے کے لیے قانون بدل دیئے، یہ ڈاکو ہر بار این آر او لے لیتے ہیں، کسی مہذب ملک میں ایسا نہیں ہوتا، طاقتور کو قانون کے نیچے لانے کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔
عمران خان نے کہا ان کی کرپشن کی وجہ سے لوگوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، وہ کیا چیز ہوئی جو تین سال میں یہ دُھل گئے، دوبارہ مسلط ہو گئے، ان دونوں خاندانوں نے ایک دوسرے کے خلاف کیسز کیے، برطانیہ میں لوگوں کو قانون تحفظ فراہم کرتا ہے۔
سابق وزیراعظم نے یاد دلایا کہ کورونا کے مشکل وقت سے ملک کو ہم نے نکالا ہے، دنیا نے مانا مشکل وقت میں ہماری حکومت کی بہترین کارکردگی تھی۔
تبصرے بند ہیں.