آزادکشمیر میں 31 سال بعد بلدیاتی انتخابات،مظفرآباد ڈویثرن میں بلدیاتی انتخابات کل ہوں گے

فائل:فوٹو

مظفرآباد:آزادکشمیر میں 31 سال بعد بلدیاتی انتخابات 3 مرحلوں میں ہورہے ہیں پہلے مرحلے میں مظفرآباد ڈویثرن میں بلدیاتی انتخابات کل( 27 نومبر) کو ہوں گے ۔

مظفرآباد ڈویثرن آزادکشمیر کے 3 اضلاع مظفرآباد، وادی نیلم اور وادی جہلم پر مشتمل ہے 27 نومبر کو ان تینوں اضلاع میں پولنگ ہو گی ۔

مظفرآباد ڈویژن میں کل 1314 پولنگ اسٹیشن اور 1884 پولنگ بوتھ قائم کر دیئے ہیں جن میں 397 مردانہ 387زنانہ اور 530 مشترکہ پولنگ اسٹیشن شامل ہیں پریزائڈنگ آفیسر ،پولنگ آفیسرز سمیت 6966 اہلکار تعینات کئے گئے سنگل بوتھ والے پولنگ اسٹیشن پر چار جبکہ ڈبل بوتھ والے پر سات اہلکاروں پر مشتمل عملہ تعینات کیا گیا ہے

آزادکشمیر کے ضلع مظفرآباد کی میونسپل کارپوریشن 36 وارڈز پر مشتمل ہے ٹاون کمیٹی کہوڑی کے 3 وارڈز، ٹاون کمیٹی پٹہکہ 5 اور ٹاون کمیٹی گڑھی دوپٹہ 4 وارڈز پر مشتمل ہے مظفرآباد کی 41 یونین کونسلز سے ضلع کونسل کے 41 نمائندے منتخب کئے جائیں گے جبکہ یونین کونسل کی 296 وارڈز سے 296 نمائندے منتخب ہوں گے ضلع مظفرآباد کی دو تحصیلیں مظفرآباد 29 اور پٹہکہ 12 یونین کونسلز پر مشتمل ہیں مظفرآباد کی 13 وارڈز میں امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں

آزادکشمیر کے ضلع جہلم ویلی کی تین تحصیلیں ہیں تحصیل چکار 2، لیپہ کرناہ3 اور ہٹیاں بالا 13 یونین کونسلز پر مشتمل ہیں کل 18 یونین کونسلز کے 126وارڈز بنائے گئے ہیں یونین کونسلز سے 18 ضلع کونسل کیلئے امیدوار منتخب کئے جائیں گے ضلع جہلم ویلی میں میونسپل کمیٹی ہٹیاں بالا 3 وارڈز اور ٹاون کمیٹی چکار 3 وارڈز پر مشتمل ہیں۔ جہلم ویلی میں پانچ امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔

آزادکشمیر کے ضلع وادی نیلم کی دو تحصیلیں اٹھمقام 9 یونین کونسلز اور شاردہ 6 یونین کونسلز پر مشتمل ہیں کل 15 یونین کونسلز 112 وارڈز پر مشتمل ہیں میونسپل کمیٹی اٹھمقام 2 جبکہ ٹاون کمیٹی کیل 4 وارڈز پر مشتمل ہے وادی نیلم سے 1 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوا ہے

مظفرآباد ڈویژن میں کل 2716 امیدوار بلدیاتی انتخابات میں مد مقابل ہیں جن میں 31 خواتین بھی شامل ہیں ضلع مظفرآباد میں 1643 ضلع نیلم میں 529، ضلع جہلم میں 544 امیدوار ضلع کونسل ، یونین کونسل ،ٹاون کمیٹی، میونسپل کمیٹی اور میونسپل کارپوریشن کے وارڈز میں مد مقابل ہیں ۔

آزادکشمیر کے مظفرآباد ڈویڑن میں 695049ووٹرز بلدیاتی انتخابات میں حق رائے دہی استعمال کر کے 595 کونسلرز کا انتخاب کریں گے ضلع مظفرآباد میں ووٹرز کی تعداد 411072، ضلع جہلم ویلی میں 154832 جبکہ وادی نیلم میں 129145 ووٹرز ووٹ ڈال سکیں گے مظفرآباد ڈویژن میں کل 31 خواتین سمیت 2716 امید وار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں سب سے زیادہ 900 آزاد امیدوار میدان میں موجود ہیں ۔

سیاسی جماعتوں میں سب سے زیادہ تحریک انصاف نے 575 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر نے 545 مسلم لیگ ن نے 465 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے۔

آزادکشمیر میں طویل عرصہ برسراقتدار رہنے والی مسلم کانفرنس نے صرف 113 تحریک لبیک نے 67 جماعت اسلامی نے 46 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے آزادکشمیر کی کوئی بھی سیاسی جماعت مظفرآباد ڈویژن کی تمام نشستوں پر امیدوار کھڑے نہیں کر سکی۔

BIG SUCCESS

تبصرے بند ہیں.