آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آج پونچھ ڈویژن میں انتخابی دنگل سج گیا،پولنگ جاری

فائل:فوٹو

راولاکوٹ: آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آج پونچھ ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ کاعمل جاری ہے ۔پونچھ ڈویژن چار اضلاع راولاکوٹ، باغ ،پلندری اور حویلی پر مشتمل ہے تحریک انصاف ،مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی آزاد امیدواران کی بڑی تعداد میں سخت مقابلہ ہے ۔

پونچھ ڈویژن کے چار اضلاع میں پولنگ کاعمل صبح آٹھ بجے سے خوش اسلوبی سے جاری ہے جو بغیر کسی تعطل کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔

پونچھ ڈویژن کے چار اضلاع میں کل ووٹرز کی تعداد 1017475 ہے ۔راولاکوٹ 537159 مرد اور 479854 خواتین ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ پونچھ ڈویژن میں مجموعی طور 787 نشستوں پر انتخابات میں8 خواتین سمیت 3859 امیدوار مد مقابل ہیں پونچھ ڈویژن میں 12 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب 2میونسپل کارپوریشنز باغ اور راولاکوٹ، 3 میونسپل کمیٹیزہجیرہ، حویلی اور سدھنوتی، 5 ٹاون کمیٹیز دھیر کوٹ، کھائی گلہ، عباس پور،بلوچ اور تراڑ کھل سمیت ضلع کونسل اور یونین کونسل کی وارڈز کے نمائندوں کا انتخاب عمل لایا جانا ہے۔

راولاکوٹ: پونچھ ڈویژن کے چار اضلاع میں پولنگ کیلئے 1867 پولنگ سٹیشن اور 2697 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں جن میں 558 مردانہ 542 زنانہ اور 762 مشترکہ پولنگ سٹیشن شامل ہیں

انتخابات کے سلسلہ میں سیکیورٹی کے پیش نظر 406 پولنگ سٹیشنز کو حساس ترین، 547 کو حساس اور 914 کو نارمل قرار دیا گیا ہے انتخابات کے انعقاد کیلئے 9 ہزار سے زائد نفری سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔

ڈی آئی جی پونچھ راشد نعیم نے پولنگ سٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پورے پونچھ ڈویژن میں نو ہزار کے قریب سیکورٹی اہلکار تعینات ہیں ہم نے پولیس اور سیکورٹی فورسز کے ریٹائرڈ افسروں اور جوانوں کی خدمات بھی حاصل کررکھی ہیں۔ہمارے پاس ریزرو سیکورٹی بھی موجود ہے۔حویلی اور سدھنوتی کے کچھ علاقوں میں جہاں حساس ترین پولنگ سٹیشن ہیں وہاں ہم نے اضافی نفری رکھی ہے۔

ادھرپونچھ کے چاروں اضلاع میں پولنگ کاعمل جاری ہے تاہم راولاکوٹ پولنگ سٹیشن نمبر تیس لوئر ناموٹہ اور پولنگ سٹیشن باسٹھ کوئیاں کے مقام پر دو گروپوں کے درمیان ہنگامہ آرائی پولنگ روک دی گئی۔ جبکہ باغ مکیالہ پولنگ سٹیشن پر پولنگ کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے فراہم کردہ سامان کی کمی کے باعث پولنگ کا عمل متاثر ہے ۔

BIG SUCCESS

تبصرے بند ہیں.