22کروڑ عوام کی بھلائی اسی میں ہے پارلیمنٹ چلتی رہے، سپیکر قومی اسمبلی
لاہور: سپیکر قومی اسمبلی اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے 22کروڑ عوام کی بھلائی اسی میں ہے پارلیمنٹ چلتی رہے، سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا سیاست میں ٹھہراؤ آنا چاہیے.
لاہور میں ایک پارٹی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے مہنگائی اور عوام کی حالت زار کا ذکر کرنے کی بجائے کہا ملک کو درپیش تمام چیلنجز سے نمٹنے کا واحد فورم صرف پارلیمنٹ ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے، ہم سب کو متحد ہو کر پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی مشکلات کا حل صرف پارلیمان کے پاس ہے، پارلیمان کو نظرانداز کرنے سے ملک میں غیر یقینی کی صورت حال پیدا ہوتی ہے، تمام ممبران پارلیمنٹ میں آ کر اپنے حلقوں کی نمائندگی کریں.
پی ٹی آئی حکومت گرا کر حکومت میں آنے والے اتحاد کے اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا ماضی کی حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت کو بھی اپنی آئینی مدت پوری کرنی چاہیے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر معیشت کو سہارا دینے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، ہمیں قانون سازی کے ساتھ ساتھ قانون کی عملداری کو بھی یقینی بنانا ہے۔
سوال کے جواب میں کہا استعفے منظور کرنے کے قواعد و ضوابط موجود ہیں، قانون کہتا ہے کہ اگر کوئی ممبر اسمبلی دباؤ میں آ کر استعفیٰ دے تو اسے قبول نہ کیا جائے.
حکومت کی طرح اپوزیشن بھی بہت ضروری ہے، اگر عمران خان چاہتے ہیں کہ الیکشن صاف اور شفاف ہوں تو وہ قانون سازی میں حصہ لیں۔
تبصرے بند ہیں.