اک سال نیا ہے آنے کو

فہیم خان

سال رواں بھی اگرچہ ہمارے خوش کن احساسات کے سہارے بیت گیا، موجودہ حالات میں آنے والے وقت سے اچھی امید یں قائم رکھنا کچھ مشکل امر ضرور ہے، تاہم اچھی توقعات ہمارے لئے خوش آئند ہوسکتی ہیں کیونکہ نیا سال مستقبل کی خوش آئند امیدوں کے ساتھ ہماری زندگیوں میں قدم رکھ رہا ہے۔

درحقیت نیا سال واقعی ایک نئی زندگی کی راہ متعین کرتا ہے ہر شخص اپنے اپنے انداز میں اسے خوش آمدید کہتا دکھائی دیتاہے۔نئے سال کی رنگینیاں جہاں دل کو محظوظ کرتی ہیں اور انسان کواپنے سحر سے مسحور کر دیتی ہیں.

وہیں ہمیں یہ بات بھی ضرور ذہن نشین رکھنی چاہئے کہ کیا ہم واقعی نئے سال کو بہترین طرز پر گزارنے کا شعور رکھتے ہیں۔ ایک عام آدمی کی توقعات کیا ہوتی ہیں۔ وہ اپنا نیا سال کیسے بہتر طور پر گزار سکتا ہے۔ اس تمام مرحلے میں وہ کس طرح کامیاب ہو سکتا ہے۔اس کاشعور بھی ازحد ضروری ہے ۔

کیونکہ بہت سی چیزیں ہمارے اختیار سے باہر ہوتی ہیں، ہم سوچتے اور ،کرتے کچھ ہیں لیکن عملاً اس کے برعکس ہو جاتا ہے، لہٰذا ناکامیوں کا از سر نو جائزہ لے کر ہمیں آنے والے برس میں ان غلطیوں کو دہرانے کے بجائے ان کاازالہ کرنے کی کوشش کرنی ہے۔

جیسے نیا سال نئی امیدیں لے کر آتا ہے۔ نئی امنگیں جنم لیتی ہیں نئے سال میں ایک عام آدمی کی دلی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے آس پاس کے ماحول میں خوبصورت تبدیلیاں دیکھے تا کہ نیا سال مسرتوں بھرا ہو۔

اس لئے ہمیں نہ صرف آنے والے برس کے لیے اچھی سوچ سامنے رکھنی چا ہئے بلکہ گزرے ایام کا ایک تنقیدی جائزہ بھی لینا چاہیے کہ کن جگہوں پر ہم سے کوئی غلطی سرزد ہوئی اور کہاں ہم نے کوئی غفلت کی۔ اگر اپنی اس کارگزاری کو سامنے رکھتے ہوئے ہم اپنی آئندہ کی حکمت عملی بنائیں گے تو یہ یقیناہمارے لیے مفید ثابت ہوگا۔

اس لئے نئے سال میں نیا مقصد لیجیے اور ایک دوسرے کے لئے آسانیاں پیدا کیجئے اور یہ آسانیاں معجزاتی نہیں ہوں گی یہ آسانیاں ہم یعنی میں، آپ اور ہم جیسے ہزاروں لوگ دوسروں کے لیے پیدا کریں گے۔

نئے سال میں گزرتے سال کی تلخیوں سے قطعہ نظر اب ضرورت اس بات کی ہے کہ سال نو پر ہر شخص نہ صرف اپنی بلکہ معاشرے کی کردارسازی میں اپنا کردار اداکرے ۔

ایسے میں مثبت اور تعمیری سوچ کو پروان چڑھا کر ہم سب کو سوچنا چاہیے کہ ہم نے گزرے سال میں کیا کھویا اور کیا پایا۔ ایسی حکمت عملی بناناضروری ہے جو صرف ہماری ذات کے لیے نہیں بلکہ سب کے لیے بہتر نتائج کا موجب بن سکے۔

BIG SUCCESS

تبصرے بند ہیں.