قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات اسلاموفوبیا ذہنیت کے عکاس ہیں،پاکستان
فائل:فوٹو
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے سویڈن اور ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات اسلاموفوبیا ذہنیت کے عکاس ہیں۔
ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان سویڈن اور ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت کرتا ہے۔ ایسی حرکتیں اسلامو فوبیا ذہنیت کی عکاس ہیں۔ پاکستان نے ہالینڈ اور سویڈن کو اپنی تشویش سے آگاہ کردیا ہے۔
انہوں نے بریفنگ میں مزید بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر نے پاکستان کا دورہ کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ان کا استقبال کیا۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ازبکستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ای سی او کانفرنس میں شرکت کی۔ باکو میں چارٹرآف ریسرچ سینٹر کے قیام پر اتفاق کے علاوہ تجارتی وعلاقائی رابطوں کے فروغ اور موسمیاتی تبدیلی پر بات ہوئی۔ وزیرخارجہ نے ایران ازبکستان ترکیہ سمیت خطے کے ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی کیں۔
ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ معصوم کشمیریوں کیخلاف انسانی حقوق کی ورزیاں کی جارہی ہیں۔ پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں جاری مظالم کیخلاف آواز اٹھاتا رہے گا۔ پاکستان بھارت دونوں ایس سی او کے ارکان ہیں۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ بھارت اس بار کونسل آف فارن منسٹرز اجلاس کی میزبانی کررہا ہے۔ بحیثیت چیئرمین بھارت نے پاکستان کو بھی دعوت نامہ بھیجا ہے، جس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ اجلاس میں شرکت سے متعلق فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
تبصرے بند ہیں.