ایک لاکھ طالبعلوں میں مفت لیپ ٹاپ جلد تقسیم کئے جائیں گے ، شیزہ فاطمہ
اسلام آباد۔ (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ سرکاری یونیورسٹیو ں اورکالجوں کے ایک لاکھ نوجوانوں میں مفت لیپ ٹاپ جلد تقسیم کئے جائیں گے ، بلوچستان کے طالب علموں کےلئے لیپ ٹاپ کا کوٹہ دوگنا کردیا ہے، وزیراعظم یوتھ لون سکیم کی ری سٹرکچرنگ کرکے قرضوں کی حد پر نظر ثانی کی گئی ہے ، وزیراعظم ہنر مند پروگرام کے ذریعےایک لاکھ نوجوانوں کوفنی مہارتوں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کوصحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام 2013میں پاکستان مسلم لیگ (ن ) کی حکومت نے شروع کیا جو کہ نوجوانوں کو با اختیار بنانے کےلئے 6 اقدامات پرمشتمل تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم پرکام جاری ہے ،سرکاری یونیورسٹیو ں اورکالجوں کے ایک لاکھ نوجوانوں میں مفت لیپ ٹاپ جلد تقسیم کئے جائیں گے ، نوجوانوں کو میرٹ پر اعلیٰ معیار کے لیپ ٹاپ فراہم کئے جائیں گے ، ہرپی ایچ ڈی اور پوسٹ گریجویٹ تمام طالب علموں کو یہ لیپ ٹاپ فراہم کئے جائیں گے جبکہ انڈر گریجویٹ پروگراموں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کو بھی لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم میں بلوچستان کے طالب علموں کےلئے کوٹہ دوگنا کردیا ہے جبکہ معذور طالب علموں کےلئے بھی کوٹہ مختص کیا گیا ہے، خواتین کےلئے لیپ ٹاپ سکیم میں 50فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ لون سکیم کو بند کرنے کا تاثر غلط ہے، اس پروگرام کی ری سٹرکچرنگ کی گئی ہے جس کے تحت قرضو ں کی حد میں نظرثانی کی گئی ہے ، اب نوجوانو ں کو پانچ لاکھ روپے تک بلا سود جبکہ پانچ لاکھ سے 75 لاکھ روپے تک آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہر سال 20 لاکھ گریجویٹ اپنی تعلیم مکمل کرکے مارکیٹ میں آتے ہیں ، ان نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریا ت کے مطابق تعلیم فراہم کرنے کی ضرورت ہے ، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کی تشکیل کا کام بھی جاری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے نیشنل انٹرن شپ پروگرام بند کردیا تھا ۔معاون خصوصی نے کہا کہ ہنر مند پروگرام کےتحت نوجوانوں کوروایتی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کی جائے گی، ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کےلئے ڈیجیٹل پاکستان ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے، آئی ٹی برآمدات کو15 ارب ڈالر تک لے جانا ہمارا ہدف ہے ۔
انہوں نے کہا کہ فری لانسر کے طور پر کام کرنے والے نوجوانوں ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ، وزیراعظم ہنرمند پاکستان پروگرام کے تحت ایک لاکھ نوجوانوں کو فنی مہارتوں کی تربیت دی جائے گی، اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو روایتی اور ہائی ٹیک شعبوں میں مفت تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج نوجوانو ں کو ہنر مند بنانے کا عالمی دن منایا جارہا ہے ،ہمیں نوجوانوں میں فنی مہارتوں کے حصول سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ اور میٹرک کی سطح پر ٹیکنالوجی پروگرام متعارف کرائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں 5کروڑ نوجوانوں کی عمر15 سے 25 سال کے درمیان ہے ، ان نوجوانوں کو ہنر مند بنانا ہماری اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام جاری رہے گا ، پالیسیوں کے تسلسل سے ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔
تبصرے بند ہیں.