حکومت آئی ایم ایف پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے،اسحاق ڈار
اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کاکہناہے کہ بطور وزیر خزانہ انہوں نے ماضی میں آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا ہے اور حکومت موجودہ پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے فنانس ڈویژن میں آئی ایم ایف مشن چیف مسٹر نیتھن پورٹر کی سربراہی میں آئی ایم ایف کے جائزہ مشن سے ملاقات کی۔آئی ایم ایف کی نمائندہ،محترمہ ایستھر پیریز روئیز، وزیر مملکت برائے خزانہ اور محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے مشیر برائے ریونیو طارق محمود پاشا، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد،سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر، آئی ایم ایف کے وفد کے ارکان اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں توسیعی فنڈ سہولت کے تحت نویں جائزے کو پورا کرنے کے لیے اقتصادی اور مالیاتی پالیسیوں اور اصلاحاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال اور جائزہ لیا گیا۔
Finance Minister Senator Mohammad Ishaq Dar held a meeting with IMF review Mission led by IMF Mission Chief Mr. Nathan Porter at FD,today and discussed and reviewed the economic and fiscal policies and reforms of the govt and agenda to accomplish the 9th review under the EFF. pic.twitter.com/J5mzqQmBeg
— Ministry of Finance (@FinMinistryPak) January 31, 2023
وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے وفد کا خیرمقدم کیا اور آئی ایم ایف کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مشن کو مالیاتی و اقتصادی اصلاحات اور حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں میں کیے جانے والے اقدامات بشمول مالیاتی فرق کو کم کرنے، شرح مبادلہ میں استحکام اور معیشت کی بہتری کے لیے توانائی کے شعبے میں کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاور سیکٹر میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں اور گیس سیکٹر میں گردشی قرضے کے خطرے سے نمٹنے کے لیے طریقہ کار وضع کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
وزیر خزانہ نے بات چیت جاری رکھنے پر آئی ایم ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر کا بھی شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ بطور وزیر خزانہ انہوں نے ماضی میں آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا ہے اور حکومت موجودہ پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مشن کے لیے اپنی تمام تر حمایت کو مزید وسعت دی اور توسیعی فنڈ سہولت (EFF) کے تحت 9ویں جائزہ کو مکمل کرنے کے لیے ایک معاہدے تک پہنچنے کے لیے مل کر کام کرنے کاعزم کیا۔
آئی ایم ایف کے مشن چیف مسٹر نیتھن پورٹر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ حکومت 9ویں جائزے کی تکمیل کے لیے آئی ایم ایف کی ضروریات کو پورا کرے گی اور امید ظاہر کی کہ پاکستان مختلف شعبوں میں اصلاحات پر اپنی پیش رفت کو جاری رکھے گا اور آئی ایم ایف پروگرام کو موٴثر طریقے سے بروقت مکمل کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف اور پاکستان مالیاتی اصلاحات پر مل کر کام کریں گے۔
تبصرے بند ہیں.