ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے سے اموات کی تعداد 8 ہزار  سے تجاوز کرگئی

فائل:فوٹو

انقرہ:ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے سے اموات کی تعداد 8 ہزار  سے تجاوز کرگئی، ترکیہ میں 5 ہزار 894 اور شام میں 2ہزار 470 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

المناک زلزلے کے باعث ترکیہ میں 5894 اور شام میں 2470 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہیں۔۔

ترکیہ میں شدید زلزلے سے عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، زلزلے کے خوف سے لوگ سڑکوں پر نکل آئے، امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق زلزلے کے شدید ترین جھٹکے ایک منٹ تک محسوس کیے گئے، زلزلے کا مرکز ترکیہ سے 23 کلومیٹر جنوب میں تھا، جبکہ گہرائی 17.9 کلومیٹر تھی۔

زلزلے سے کہرمان، عثمانیہ، ملاطیا، دریار بکر سمیت 10 شہر زیادہ متاثر ہوئے، زلزلے کے جھٹکے قبرص، یونان، اردن، لبنان، جارجیا اور آرمینیا میں بھی محسوس کئے گئے۔

یاد رہے کہ ترکیہ میں 1939 میں بھی 7.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں 30 ہزار افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے، ترکیہ میں25 سال کے دوران 7 یا اس سے زیادہ شدت کے7 زلزلے آئے۔

ترک صدر نے ملک بھر میں ایک ہفتے کے سوگ کا اعلان کر دیا، ترکیہ میں ایک ہفتے تک پرچم سرنگوں رہے گا۔

ترکیے میں زلزلے کے بعد ملک بھر میں سکول بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، ترک وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں تمام سکول 13 فروری تک بند رہیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر ترکیہ کی حکومت اور عوام سے اظہار تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں برادر ملک ترکیہ اور ترک عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان ترکیہ کی ہرممکن مدد کرے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف قیامت خیز زلزلہ کی تباہی کے بعد ترک عوام سے اظہار ہمدردی کیلئے کل (بدھ) کو ترکیہ جائیں گے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ہمراہ ہوں گے، دونوں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف دورہ کے دوران انقرہ بھی جائیں گے جہاں وہ ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کریں گے۔

دوسری جانب پاکستان کی عسکری قیادت نے ترکی میں شدید زلزلے سے متاثرہ افراد سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے امدادی سامان اور طبی ماہرین بھجوانے کا اعلان کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت تینوں سروسز چیفس نے ترکی کے عوام کے نام تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں زلزلہ متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں، ریسکیو ٹیمیں، طبی ماہرین اور امدادی سامان ترکی روانہ کر رہے ہیں۔

BIG SUCCESS

تبصرے بند ہیں.