جب تک نظام تبدیل نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کرسکے گا،وزیراعظم
فائل:فوٹو
لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مجھ سمیت سب نے پاکستان کو مشکلات سے نکالناہوگا، دن رات محنت کرکے ملک کو ترقی کی طرف لیکر جانا ہے۔ جس کی لاٹھی اس کی بھینس کے نظام کودفن کیے بغیر ترقی ممکن نہیں جب تک نظام تبدیل نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کرسکے گا۔
لاہور میں باب پاکستان کی تعمیر اور والٹن روڈ توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ باب پاکستان کا منصوبہ پوری دنیاکو قیام پاکستان کی تاریخ بتائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف نے 1991میں منصوبے کاسنگ بنیاد رکھاتھا، قائداعظم بھی باب پاکستان کے مقام پر تشریف لائے تھے، قیام پاکستان کے وقت مہاجرین ہندوستان سے ہجرت کرکے اس مقام پر آئے تھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ میری دعا ہے نیب عقوبت خانے میں دشمن بھی نہ جائے، پچھلی حکومتوں میں انصاف کا قتل کیاگیا ،بے گناہ لوگوں کو عقوبت خانے میں بھیجا گیا، نیب نے چن چن کر بے گناہ لوگوں کے خلاف بے بنیاد کیسز بنائے، جس کی لاٹھی اس کی بھینس کے نظام کودفن کیے بغیر ملک ترقی نہیں کریگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ باب پاکستان منصوبے کو بیدردی سے خراب کیاگیا،اربوں روپے دفن ہوچکے، 2008 میں بتایا گیا کہ باب پاکستان منصوبے کی یاد گار کیلیے 90 کروڑ رو پے کا ماربل لگایا جائے گا، 110 کروڑ روپے باب پاکستان منصوبے میں دفن ہوچکے، کھنڈرات وہی کے وہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیب نے کبھی باب پاکستان منصوبے میں غبن کرنیوالوں کا احتساب کیوں نہ کیا؟، یہ دہرا معیار ہے، جس نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا۔
شہبازشریف نے کہا کہ ملک بھر میں اس طرح کے بے شمار منصوبوں میں قوم کے اربوں کھربوں روپے دفن ہوگئے لیکن اس پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی، مشکل دور سے گزر رہے ہیں، اللہ کے فضل سے اگر محنت کریں گے، مجھ سمیت اشرافیہ سچے دل سے قربانی و ایثار کا مظاہرہ کرے گی، تو ملک کی کشتی منجدھار سے نکل کر پار لگے گی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ مجھ سمیت سب نے پاکستان کو مشکلات سے نکالناہوگا، دن رات محنت کرکے ملک کو ترقی کی طرف لیکر جانا ہے، جب تک نظام تبدیل نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کرسکے گا۔
تبصرے بند ہیں.