آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کر دی گئی ،گیس کی قیمتوں میں بھی بڑا اضافہ

فائل:فوٹو
آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کر دی گئی ،گیس کی قیمتوں میں بھی بڑا اضافہ، مختلف سیکٹرز کے لیے گیس قیمت میں 16.6 سے 124 فیصد اضافہ،50 کیوبک میٹر تک گیس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے ۔

مہنگائی سے ستائی عوام کے لیے نیا پہاڑ توڑ دیا گیا، آئی ایم ایف سے ڈیل مکمل کرنے کے لیے حکومت نے گیس کی قیمتون میں 16.6 فیصد سے 124 فیصد تک اضافہ کر دیا۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں قدرتی گیس کی قیمت میں اضافے کی منظوری دی گئی ہے،100 کیوبک میٹر گیس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے قیمت میں 16.6 فیصد اضافہ کیا گیا ہے،اب سو کیوبک میٹر گیس استعمال کرنے والے 300 نہیں 350 روپے کے حساب سے بل ادا کریں گے۔

دستاوزات کے مطابق 200 کیو بک میٹر گیس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے قیمت میں 32 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور 200 کیو بک میٹر گیس استعمال پر گھریلو صارفین کے لیے قیمت 553 سے بڑھا کر 730 روپے ایم ایم بی ٹی یو کر دی گئی ہے۔

دستاویزات کے مطابق 300 کیوبک میٹر گیس والے گھریلو صارفین کے لیے گیس 69 فیصد مہنگی کی گئی،اب قیمت 738 روپے سے بڑھا کر 1250 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دی گئی ہے،400 کیوبک میٹر گیس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے 99 فیصد اضافہ کرتے ہوئے قیمت 1107 روپے سے بڑھا کر 2200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دی گئی،400 کیوبک میٹر سے زائد گیس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے قیمت میں 124 فیصد کا اضافہ کرتے ہوئے قیمت 1460 روپے سے بڑھ کر 3277 روپے فی ایم ایم بی ٹی مقررکر دی گئی۔

کمرشل صارفین کے لیے گیس کی قیمت میں 28.6 فیصد اضافہ کیا گیااورقیمت 1283 روپے سے بڑھ کر 1650 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہو گئی، پاور سیکٹر کے لیے بھی گیس قیمت 22.8 فیصد بڑھائی گئی،نئی قیمت 857 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھا کر 1050 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دی گئی۔

برآمدی صنعت کے لیے گیس 34 فیصد مہنگی ہوئی،نئی قیمت 819 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھا کر 1100 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دی گئی،سی این جی شعبے کے لیے گیس 31 فیصد مہنگی کی گئی،نئی قیمت 1370 روپے سے بڑھ کر 1800 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقررکر دی گئی،کھاد کے شعبے کے لیے گیس کی قیمت میں 46 فیصد اضافہ کیاگیا،نئی قیمت 1023 روپے بڑھ کر 1500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہو گئی، سیمنٹ سیکٹر کے لیے گیس 17.46 فیصد مہنگی کی گئی۔

نئی قیمت 1277 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھا کر 1500 روپے فی ایم ایم بی ٹی مقرر کردی گئی،اضافہ یکم جنوری سے 30 جون 2023 تک نافذ العمل رہے گا۔

BIG SUCCESS

تبصرے بند ہیں.