گروپس کے آخری میچز، زلمی نے یونائیٹڈ کو، کراچی کنگز نے لاہور قلندر کو ہرادیا

فوٹو : فائل

لاہور: گروپس کے آخری میچز، زلمی نے یونائیٹڈ کو، کراچی کنگز نے لاہور قلندر کو ہرادیا، کراچی کنگز نے آخری میچ میں لاہور قلندرز کو 86 رنز سے ہرادیا، اس کے ساتھ ہی کراچی کنگز کی رخصتی ہو گئی ہے جبکہ قلندرز ہار کے باوجود پہلے ہی پلے آف میں داخل ہو چکی ہے.

پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے 30 واں میچ
لاہور میں کھیلا گیا میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کا بیٹنگ کا فیصلہ کیا، کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی طرف سے محمد اخلاق نے سب سے زیادہ 51 رنز کی اننگز کھیلی، عماد وسیم 45 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، دیگر کھلاڑیوں میں طیب طاہر نے 40، بین کٹنگ نے 33 اور جیمز فلر نے 10 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کی طرف سے زمان خان، حارث رؤف اور حسین طلعت نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دلبر حسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 19 ویں اوور میں 110 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، لاہور قلندرز کی طرف سے حسین طلعت نے 25 اور حارث رؤف نے 18 رنز کی اننگز کھیلی.

کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم، عاکف جاوید، محمد عمر اور عمران طاہر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کراچی نے محمد عامر کو آرام دیا۔

راولپنڈی میں پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کے 29 ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 13 رنز سے شکست دیدی، محمد حارث کی برق رفتار اننگز کھیلی۔

پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا.

پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز اسکور کیے، زلمی کی جانب سے پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد محمد حارث اور بھانوکا راجاپکسا نے شاندار 115 رنز کی شراکت بنائی.

سری لنکن بلے باز 41 رنز بناکر آوٹ ہوئے، محمد حارث نے 39 گیندوں پر 79 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے.

ان کے علاوہ کوئی بھی خاطر خواہ کارکردگی دیکھانے میں ناکام رہا، کپتان ٹام کوہلر کیڈمور 12، حسیب اللہ خان 10، عامر جمال 9، مجیب الرحمن 2 جبکہ جمی نیشم ایک رن بناسکے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی نے 3، شاداب خان 2 جبکہ فہیم اشرف، فضل الحق فاروقی ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 180 رنز کے تعاقب میں 166 رنز پر آوٹ ہوگئی، آٹھویں نمبر پر آنیوالے فہیم اشرف نے 13 بالز پر 38 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور رحمان اللہ گرباز 33 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔

پشاور زلمی کے خرم شہزاد اور سفیان مقیم نے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عامر جمال اور جیمز نیشم نے دو، دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

BIG SUCCESS

تبصرے بند ہیں.