اسلام آباد: وزیراعظم اور الیکشن کمشنر کو عہدوں سے ہٹانے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی گئی، یہ درخواست شہری ظہور فیصل نے دائر کی ہے.
شہری کی جانب سے دائر درخواست میں وفاق، شہباز شریف، سکندر سلطان راجہ، صدر عارف علوی، مولانا فضل الرحمن کو فریق بنایا گیا ہے. دوسری جانب تحریک انصاف نے نگران وزراء اعلیٰ کو کام سے روکنے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا.
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف الیکشن فنڈز کا بل مسترد ہونے کے بعد قومی اسمبلی کا اعتماد کھو بیٹھے ہیں. چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا الیکشن کیلئے فنڈز اور سیکورٹی کا تقاضا بھی غیر مناسب ہے.
عدالت قرار دے شہبازشریف، چیف الیکشن کمشنر انتخابات کے معاملہ پر پارٹی بن چکے ہیں. سپریم کورٹ نگران وزیر اعظم اور نگران چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا حکم دے. سپریم کورٹ 21 ارب روپے جاری کرنے، فوج اور رینجرز کے بغیر الیکشن کرانے کا حکم دے.
دوسری جانب نگران وزراء اعلیٰ کو روکنے کیلئے تحریک انصاف نے دو درخواستیں دائر کر دی ہیں. درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب اور کے پی کے نگران وزراء اعلیٰ اپنی آئینی مدت پوری کر چکے ہیں.
نگران حکومتوں کی جانب سے انتخابات نہ کروانا آئینی خلاف ورزی ہے، عدالت انتخابات تک روزمرہ امور نمٹانے کیلئے مناسب ہدایت جاری کرے.
تبصرے بند ہیں.