اسلام آباد: گوادرحق دوتحریک کےسربراہ مولانا ہدایت الرحمان کو رہا کرنے کا حکم، سپریم کورٹ نے ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔
آج سپریم کورٹ میں گوادر میں حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان کی درخواست ضمانت پرسماعت ہوئی ، جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں3 رکنی بینچ نے سماعت کی، بینچ میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس محمد علی مظہر شامل تھے۔
مختصر سماعت کے بعد عدالت نے مولانا ہدایت الرحمان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے مولانا ہدایت الرحمان کو 3 لاکھ روپے کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا.
سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر فریقین کو نوٹس جاری کئے تھے، آج اس کی سماعت کے دوران حراست کے محرکات کا بھی جائزہ لیا گیا.
واضح رہے کہ مولانا ہدایت الرحمان کا تعلق جماعت اسلامی سے ہے، انہوں نے نومبر 2021 میں مولانا ہدایت الرحمان کی قیادت میں ’حق دو تحریک‘ کے تحت گوادر میں دھرنا دیا جو 32 روز جاری رہا.
دسمبر کے وسط میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے ان سے مذاکرات کیے اور مطالبات تسلیم کرنے کا اعلان کیا، مطالبات میں علاقے میں صاف پانی کی فراہمی اور فشنگ ٹرالرز کی آمد پر پابندی شامل تھی.
کہا گیا تھا کہ فشنگ ٹرالرز کے باعث مقامی ماہی گیروں کو مچھلیاں نہیں مل رہی تھیں۔، غیر ضروری چیک پوسٹوں کا خاتمہ اور ایران کے ساتھ سرحدی تجارت میں آسانی بھی ان مطالبات کا حصہ تھی جو حکومت نے تسلیم کیے۔
دھرنا کے نتیجے میں دسمبر 2021 میں مولانا ہدایت الرحمان اور حکومت میں باقاعدہ معاہدہ طے پایا جس کے بعد مولانا نے تحریک ختم کرنے کا اعلان کیا۔
معاہدے پر عمل نہ ہونے پر جولائی 2022 میں حق دو تحریک نے ایک بار پھر گوادر می دھرنا دینے کا اعلان کردیا، تحریک کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت معاہدے پر عمل درآمد نہیں کر رہی۔
حکومت نے مولانا ہدایت الرحمان سے مذاکرات کی کوششیں شروع کیں، تاہم اکتوبر میں تحریک نے دوبارہ دھرنا دے دیا، حکومت اس دھرنے کے خاتمے کے لیے مذاکرات کر رہی تھی.
مظاہرین سے بات چیت کی ناکامی کے بعد کریک ڈاؤن شروع ہوگیا ، احتجاج کے دوران پولیس اہلکار کی شہادت کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد صوبائی وزیر داخلہ نے مولانا ہدایت الرحمان کیخلاف ایف آئی آر کا حکم دیا تھا۔
اس کے بعد 3 جنوری کو سٹی تھانہ گوادرمیں مولانا ہدایت الرحمان سمیت دیگرساتھیوں پر مقدمہ درج کیا گیا ، جس میں ان پر الزام لگایا گیا کہ حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان نے دھرنے کے شرکاء کو اشتعال دلایا.
تبصرے بند ہیں.