متنازع ٹوئٹ کیس میں اعظم سواتی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

فوٹو : فائل

اسلام آباد: اسپیشل جج سنٹرل اسلام آباد نے اعظم سواتی متنازع ٹوئٹ کیس میں اعظم سواتی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 20 جون تک ملتوی کردی.

اسپیشل جج سنٹرل اسلام آباد میں اعظم سواتی کے خلاف متنازع ٹوئٹ سے متعلق کیس کی سماعت جج اعظم خان نے کی،عدالت نے اعظم سواتی کو آج فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کر رکھا تھا۔

عدالت میں اعظم سواتی کے وارنٹ کی تعمیل کروانے والے ایف آئی اے اہلکار ممتاز عدالت میں پیش ہوئے، ایف آئی اے اہلکار ممتاز نے عدالت کو بتایا کہ اعظم سواتی گھر پر بھی نہیں تھے نہ کسی نے دروازہ کھولا۔

ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے عدالت سے استدعا کی کہ اعظم سواتی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں، الیکٹرانک میڈیا کا دور ہے لمحہ بہ لمحہ آگاہ ہوجاتا ہے ہر آدمی۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ سب کو پتہ ہوتا ہے کون کہاں ہے وکیل کو بھی پتہ ہوتا یے۔ اس پر اعظم سواتی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پہلے یہ توچیک کرا لیں تعمیل کیسے کروا رہے ہیں جس واٹس ایپ نمبر پر وارنٹ کی تعمیل بھیجی گئی وہ میرا نمبر ہے۔

اسپیشل جج سنٹرل اسلام آباد اعظم خان نے کہا کہ آپ ہائیکورٹ کا آرڈر جمع کروادیں جس میں وارنٹ کی تعمیل سے متعلق حکم ہے۔عدالت نے اسپیشل پراسیکیوٹر اور وکیل اعظم سواتی کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا.

بعد ازاں عدالت نے فیصلہ دیتے ہوئے اعظم سواتی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 20 جون تک ملتوی کردی.

BIG SUCCESS

تبصرے بند ہیں.