اسٹار نوجوان بلے باز سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کاحصہ بن گئے

فوٹو: فائل

لاہور: اسٹار نوجوان بلے باز سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کاحصہ بن گئے، لگاتار قااعظم ٹرافی میں 2 دفعہ سب سے زیادہ رنز بنانے اور ٹرپل سنچری کرنے والےمحمد حریرہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بننے میں کامیاب ہوگئے۔

قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں پہلی بار جگہ بنانے والے شعیب ملک کے بھتیجے محمد حریرہ نے24فرسٹ کلاس میچز کے علاوہ10 ون ڈے اور 6 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں۔

محمد حریرہ گزشتہ دو قائداعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر تھے 2022- 23 کی قائداعظم ٹرافی میں سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ محمد حریرہ ایک ہزاررنز بنانے والے واحد بیٹر تھے۔

محمد حریرہ نے گیارہ میچوں میں چار سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے 1024رنز 73.14کی اوسط سے بنائے تھے، ان کی شاندار کارکردگی نے ناردن کو پہلی بار فرسٹ کلاس ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

حالیہ دورہ میں محمد حریرہ نے پاکستان شاہینز کے ہمراہ زمبابوے میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا انہوں نے دورے کے دو فرسٹ کلاس میچوں میں ایک سنچری ( 178) اور ایک نصف سنچری( 64 ) کی مدد سے 242 رنز بنائے تھے۔

محمد حریرہ پاکستان میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے دوسرے کم عمر بیٹر ہیں، سب سے کم عمری میں ٹرپل سنچری بنانے کا ریکارڈ جاوید میانداد کا ہے۔

محمد حریرہ نے 2021-22 کے سیزن میں ناردن کی طرف سے بلوچستان کے خلاف اسٹیٹ بینک گراؤنڈ کراچی میں 343گیندوں پر311 رنز اسکور کیے تھے اور ناردن کی اننگز اور170 رنز کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

سری لنکا کے خلاف 2 میچز کی ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان)، عامر جمال، عبداللّٰہ شفیق، ابرار احمد، حسن علی، امام الحق شامل ہیں۔

اسی اسکواڈ میں محمد حریرہ، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین آفریدی اور شان مسعود کو بھی اسکواڈ میں شامل کئے گئے ہیں۔

سری لنکا کے خلاف ہونے والی 2 ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز تیسری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم کی پہلی سیریز ہوگی۔

سپورٹ اسٹاف میں ریحان الحق (منیجر)، گرانٹ بریڈبرن (ہیڈ کوچ)، اینڈریو پیوٹک (بیٹنگ کوچ)، مورنے مورکل (بولنگ کوچ)، آفتاب خان (فیلڈنگ کوچ)، عبدالرحمٰن (اسسٹنٹ کوچ) ہوں گے۔

علاوہ ازیں سپورٹ اسٹاف میں ڈریکس سائمین (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)، کلف ڈیکن (فزیو تھراپسٹ)، احسن افتخار ناگی (میڈیا اینڈ ڈیجیٹل کانٹینٹ منیجر)، لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ عثمان انوری (سیکیورٹی منیجر)، طلحہ اعجاز (انالسٹ) اور ملنگ علی (میسیور) شامل ہیں۔

قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشیدکے مطابق تمام منتخب کردہ کھلاڑیوں خاص کر محمد حریرہ اور عامر جمال کو مبارک باد دیتا ہوں جو اپنی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

ہارون رشید نے کہا سری لنکا میں کنڈیشنز فنگر اسپنرز کے لیے موافق ہوتی ہیں، ماضی میں اور پاکستانی ٹیم کے گزشتہ دورے میں ہم یہ بات دیکھ چکے ہیں، اسی بنا پر ہم نے اس طرح کے 3 اسپنرز ٹیم میں رکھے ہیں جن میں مسٹری اسپنر ابرار احمد بھی شامل ہیں۔

چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا کہ جو کھلاڑی اس دورے کے لیے سلیکٹ نہیں ہو سکے انہیں مایوس نہیں ہونا چاہیے کیونکہ وہ بھی ہمارے پلان کا حصہ رہیں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کا 3 جولائی کو کراچی میں کیمپ 9 جولائی کو روانگی تک جاری رہے گا، دورے کا شیڈول سری لنکن کرکٹ بورڈ جاری کرے گا۔

BIG SUCCESS

تبصرے بند ہیں.