بلاول بھٹو مولانا کی طرح اہم موقع پر روٹھ گئے، بجٹ پر عمومی تقریر سے انکار
فوٹو: فائل
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو مولانا کی طرح اہم موقع پر روٹھ گئے، بجٹ پر عمومی تقریر سے انکار، سوات جلسہ کے بعد بلاول بھٹو زرداری کی وارننگ پر وزیراعظم کو سندھ کےلئے 25 ارب روپے منظورکرنے پڑے۔
قومی اسمبلی کا بجٹ سیشن جاری ہے اور اس دوران وزیرخارجہ نے بجٹ پرتقریر کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس پر عمومی بحث میں حصہ نہیں لیں گے۔
اس حوالے سے نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق بلاول بھٹو نے اس سے پہلے مسلم لیگ ن کے ساتھ بجٹ تجاویز کےلیے ہونے والے دہرے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی تھی جب کہ آصف علی زرداری نے تو قومی اسمبلی کے بجٹ سیشن میں شرکت ہی نہیں کی۔
دوسری طرف قومی اسمبلی میں انتخابی ایکٹ میں ترامیم اسی ہفتے منظوری کےلیے ایوان صدر میں بھیجی جائیں گی اس لئے شہبازشریف اہم اتحادی کے بغیر بے بس ہو گئے ہیں۔
یہ بھی اطلاع ہے کہ صدر مملکت عارف علوی کی غیر حاضری کی صورت میں عبوری صدرچیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اس کی منظوری دیں گے، بجٹ کی منظوری ہفتے کو دی جائے گی کیونکہ چند ایک قانون ساز حج ادا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
قومی اسمبلی کے برعکس سینیٹ نے بجٹ پر بحث مکمل کر لی ہے اور اس سے قبل قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے بجٹ میں اپنی تجاویز، ترامیم بھیج دی ہیں۔
واضح رہے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے17 جون کو خوازخیلہ سوات کے جلسہ میں وارننگ دی تھی کہ سندھ کے متاثرین سیلاب کےلئے فنڈز منظور نہ ہوئے تو بجٹ منظور نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے وزیراعظم اور ان کی معاشی ٹیم پر دوہرے معیار کا الزام لگادیا اور کہاکہ وزیراعظم نے کہا کچھ اور بجٹ میں کچھ اور سامنے آیا، ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا، وزیراعظم اپنی ٹیم میں شامل ان لوگوں سے حساب لیں جو وعدے پورے کرنے میں رکاوٹ ہیں۔
تبصرے بند ہیں.