اسلام آباد: تحریک انصاف اورپیپلز پارٹی نے آئی ایم ایف معاہدہ کی حمایت کردی،آئی ایم ایف وفد کی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات ہوئی ہے ملاقات میں وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی بھی شریک تھے، ملاقات کے دوران ہی سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے ویڈیو لنک پر آئی ایم ایف وفد کو بریفنگ دی۔
بعد میں سابق وزیرخزانہ حماد اظہر نے ٹوئٹر پر بیان میں بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات میں ریذیڈنٹ نمائندے ایستھرپیریز نے شرکت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں آئی ایم ایف کے کنٹری چیف نیتھن پورٹر نے واشنگٹن سےورچوئل شرکت کی،ملاقات میں آئی ایم ایف ٹیم سے اسٹاف لیول معاہدے سے متعلق بات چیت ہوئی ہے۔
حماد اظہر کے مطابق آئی ایم ایف نے حکومت پاکستان کے ساتھ 3 ارب ڈالرز کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کےلیے معاہدہ طےکیا ہے، اس تناظر میں ہم مجموعی مقاصد اور کلیدی پالیسیوں کی حمایت کرتے ہیں۔
نمائندہ آئی ایم ایف کے مطابق آئی ایم ایف وفد کی جانب سے پاکستان میں سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، ملاقاتوں کا مقصد انتخابات سے پہلے آئی ایم ایف کے نئے سپورٹ پروگرام کیلئے سیاسی جماعتوں کی حمایت کی یقین دہانی حاصل کرنا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے تین ارب ڈالرز کے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی آئی ایم ایف معاہدے کی حمایت کردی،آئی ایم ایف وفد اور چئیر مین تحریک انصاف کے درمیان زمان پارک میں ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
آئی ایم ایف کی نمائندہ برائے پاکستان ایسٹرپیریزکی پیپلزپارٹی فنانس ریڈیڈنٹ ٹیم سے بھی ملاقات ہوئی۔ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں وزیرتجارت سید نوید قمر اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا شریک ہوئے اور پاکستان کے اسٹینڈ بائی معاہدے پر تبادلہ خیال ہوا۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک کے وسیع تر مفاد میں معاہدے کی حمایت پر اتفاق کیا اور کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے سے ملک کے مالی استحکام پر گہرے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
سید نوید قمر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے معاشی خدشات کو دور کرنے کے لیے اسٹینڈ بائی معاہدہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پیپلزپارٹی پروگرام کے کامیاب نفاذ کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
آئی ایم ایف کے نمائندے اورپیپلز پارٹی فنانس ٹیم کے درمیان بات چیت پاکستان میں معاشی اصلاحات اور استحکام کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔
تبصرے بند ہیں.