اے بی ڈی ویلیئرزکو کرکٹ کاعشق 4سال بعد واپس میدانوں میں کھینچ لایا
فوٹو: فائل
لاہور: جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے 4 سال بعد کرکٹ کے میدان میں واپسی کا اعلان کردیا،اے بی ڈی ویلیئرزکو کرکٹ کاعشق 4سال بعد واپس میدانوں میں کھینچ لایا۔
جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اورلیجنڈ کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے نومبر 2021 میں تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
تاہم منگل کے روز ڈی ویلیئرز نے کرکٹ میں اپنی واپسی کا اعلان کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز ( ڈبلو سی ایل ) کے دوسرے ایڈیشن میں ساؤتھ افریقہ چیمپئنز کی قیادت کریں گے۔
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز ایک پریمیئر ٹی 20 ٹورنامنٹ ہے جس میں ریٹائرڈ کرکٹ لیجنڈز کھیلتے ہیں۔
ڈی ویلیئرز کی واپسی کی خبر نے ان کے مداحوں میں جوش و خروش کو جنم دیا ہے اور شائقین ان کو دوبارہ ایکشن میں دیکھنے کے لیے بے چین ہیں۔
جنوبی افریقہ چیمپئنز کے شریک مالک اور گیم چینجرز کے بانی امندیپ سنگھ نے کہا کہ اے بی ڈی ویلیئرز کی بطور کپتان واپسی ہماری ٹیم کے لیے فائدہ مند ہوگی۔
ان کی قیادت بلاشبہ ہمیں نئی بلندیوں تک لے جائے گی،یاد رہے کہ ڈبلیو سی ایل کا دوسرا ایڈیشن اس سال جولائی میں کھیلا جائے گا۔
تبصرے بند ہیں.