شاہ محمود قریشی کی بیٹی سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنما و کارکن یوم سیاہ ریلی سے گرفتار
فوٹو : فائل
ملتان : پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی بیٹی سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنما و کارکن یوم سیاہ ریلی سے گرفتار کر لئے گئے، آزاد کشمیر میں اپوزیشن لیڈر اور رہنما پی ٹی آئی خواجہ نظر بند کر دئیے گئے.
پنجاب حکومت کی طرف سے رات کو پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دیا گیا جس کے تحت ہرقسم کے جلسے، جلوس احتجاج اور ریلی پر پابندی عائد ہے۔
تحریک انصاف نے 8 فروری 2024 کو انتخابی نتائج تبدیل کرنے اور دھاندلی کے خلاف دی گئی آج احتجاج کی کال کے پیش نظر چوک گھنٹہ گھر، چونگی نمبر 9، نواں شہر چوک اور چوک کچہری سمیت مختلف چوک پر پولیس کی نفری تعینات رہی، مختلف چوراہوں پر قیدی وینز بھی موجود رہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو اور زاہد بہار ہاشمی کو احتجاج کرنے پر متعدد کارکنوں سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ مہربانو اور زاہد بہار ھاشمی احتجاجی ریلی کی قیادت کر رہے تھے۔
پولیس نے ریلی کے شرکاء پر دھاوا بولا اور لوگوں کو پکڑا، دونوں رہنماؤں اور چند کارکنوں کی گرفتاری کے بعد کارکنان منتشر ہوگئے۔
پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے مختلف شہروں میں احتجاج کیا جا رہا ہے جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے صوابی میں جلسے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پولیس نے ملتان سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو قریشی، سابق رکن اسمبلی زاہد بہار ہاشمی اور دلیر مہار کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں پی ٹی آئی رہنماؤں افراد کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پل چھٹہ سے گرفتار کیا گیا، اس کے علاوہ ریلی نکالنے پر پی ٹی آئی کے 10 سے زائد کارکنوں کو بھی گرفتار کیا گیا۔
ادھر آزد کشمیر کے دارالخلافہ مظفرآباد میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے آزادی چوک میں احتجاج کی کوششں کی گئی جس پر متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر اور رہنما پی ٹی آئی خواجہ فاروق گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس کی حراست سے فرار ہو گئے۔
پولیس نے خواجہ فاروق کو گاڑی میں بٹھانے کے بجائے کارکن کی گاڑی میں بٹھا دیا تھا تاہم کارکن ڈرائیور نے پولیس کے سوار ہونے سے قبل ہی گاڑی بھگا دی تاہم بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر مظفر آباد نے بتایا کہ پولیس نے اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق کو گرفتار کر لیا ہے.
بتایا گیا ہے کہ خواجہ فاروق احمد کو ہاؤس اریسٹ کیا گیا ہے، احتجاج کرنے والے 16 پی ٹی آئی کارکنوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے.
تبصرے بند ہیں.