آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، بھارت نے دبئی پہنچنے والی تیسری ٹیم کو بھی شکست دیدی

فوٹو : سوشل میڈیا

دبئی : آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، بھارت نے دبئی پہنچنے والی تیسری ٹیم کو بھی شکست دیدی، بنگلادیش اور پاکستان کے بعد اس بار شکست کا نشانہ بنی نیوزی لینڈ کی ٹیم جسے بھارت نے آخری گروپ میچ میں نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے ہرادیا۔

بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین میچ دبئی انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں کیویز نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز اسکور کیے۔

اس میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف بھارت کا ٹاپ آرڈر مشکلات کا شکار رہا اور بھارتی ٹیم کے تین کھلاڑی 30 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے، شبھمن گل 2، روہت شرما 15 اور ویرات کوہلی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کے شری یاس ایئر نے سب سے زیادہ 79رنز کی اننگ کھیلی، ہاردک پانڈیا نے 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے جبکہ اکثر پٹیل نے 42 رنز اسکور کیے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے فاسٹ بولر میٹ ہنری نے شاندار بولنگ اور 42 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، 250 رنز کے ہدف کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 46 ویں اوور میں205 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ولیمسن 81 رنز بناکر نمایاں رہے ، انہوں نے اپنی اننگز میں 7 چوکے لگائے۔ ان کے علاوہ مچل سینٹنر نے28، ول ینگ نے 22 اور ڈیرل مچل نے 17 رنز بنائے۔

ٹام لیتھم 14 اور گلین فلپس 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، بھارت کی جانب سے ورون چکرورتی نے 42 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ کلدیپ یادو نے 2، ہاردک پانڈیا، اکشرپٹیل اور جدیجا نے ایک ایک وکٹ لی۔

بھارت، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں اور اب سیمی فائنل میں بھارت آسٹریلیا کے مد مقابل ہو گا۔

بھارت کا اسکواڈ:

کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس آئیر، اکسر پٹیل، کے ایل راہول، ہاردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، محمد شامی، کلدیپ یادیو اور ورون چکرورتی

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ:

کپتان مچل سینٹنر، راچن رویندرا، ول ینگ، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، میٹ ہنری، کائل جیمیسن اور ول اوورکے شامل ہیں.

BIG SUCCESS

تبصرے بند ہیں.