وزیراعظم کے ایک افطار ڈنر پر بلاول بھٹو کے تمام تحفظات ختم، مل کر چلنے کی یقین دہانی
فوٹو : پی آر
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کا چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے اعزاز میں افطار ڈنر، اس موقع پر دونوں جماعتوں کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت بھی ہوئی، وزیراعظم کے ایک افطار ڈنر پر بلاول بھٹو کے تمام تحفظات ختم، مل کر چلنے کی یقین دہانی کرا دی.
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں افطار ڈنر کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
پیپلز پارٹی کے وفد میں چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، راجہ پرویز اشرف، گورنر پنجاب سلیم حیدر، گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی اور دیگر رہنما شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے سندھ میں وفاق کے ترقیاتی منصوبوں کی فنڈنگ، صوبے کو پانی کی تقسیم کے معاملہ پر پیپلز پارٹی کے تحفظات سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان حکومت سازی کے دوران ہونے والے معاہدے پر بھی بات چیت کی گئی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر مکمل عمل درآمد نہ ہونے پر گلے شکوے بھی کیے۔
ملاقات میں پنجاب میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان شراکت اقتدار سے متعلق بھی معاملات زیر غور آئے، وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت کی جانب سے پیپلز پارٹی کے ساتھ مکمل تعاون اور اہم قومی معاملات میں مشاورت کی یقین دہانی کروائی۔
اس موقع پر سینیئر وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔وزیراعظم شہباز شریف سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی اہم ملاقات ۔۔۔ دونوں جماعتوں کے درمیان ہونے والے معاہدوں پر عملدرآمد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، بلاول بھٹو نے حکومت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات میں متنازعہ کینالوں سے متعلق اعتراضات اور کرم کی صورتحال پراپنے خدشات وزیر اعطم کے سامنے رکھ دیئے شہباز شریف نے تمام شکوے شکایات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی، شہبازشریف نے کہا ملک کا بہتر مستقبل سب جماعتوں کے مل کر کام کرنے سے ممکن ہوگا۔

ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کے علاوہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد پر تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔۔ فریقین نے معاہدے پر عملدرآمد سے متعلق ایک دوسرے کا موقف سنا.
بلاول بھٹو نے وزیراعظم سے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی اب تک دادرسی نہ ہونے کا بھی شکوہ کیاشہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے تحفظات اور اعتراضات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی، انہوں نے وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون سے عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کیلئے فعال اور متحرک کردار ادا کرنے پر پیپلز پارٹی کی قیادت کو سراہا۔
پیپلز پارٹی نے ملکی ترقی و معاشی استحکام اور عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کیلئےہر اقدام میں حکومت سے مکمل تعاون فراہم کرنے کا عزم دہرایا ۔ حکومتی امور میں اتحادیوں سے مشاورت اور انکو اعتماد میں لینے کے اقدام پر وزیرِ اعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
تبصرے بند ہیں.