سابق وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں تین ججوں کا تبادلہ چیلنج کردیا
فوٹو: فائل
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں تین ججوں کا تبادلہ چیلنج کردیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی گئی، درخواست میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں تین ججوں کا تبادلہ چیلنج کردیا گیا۔
عمران خان کی طرف سے دائردرخواست میں وفاقی حکومت، لاہور، سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد ہائی کورٹس کے رجسٹرارکو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ تین ججوں کا اسلام آباد ہائیکورٹ تبادلہ کالعدم قرار دیا جائے، عدالت الجہاد ٹرسٹ کیس کے تناظر میں شفافیت یقینی بنانے کا حکم دے۔
پاکستان کے سابق وزیراعظم نےاستدعا کی ہے کہ عدالت قرار دے کہ آرٹیکل 200 کا استعمال مفصل مشاورت سے ہی ممکن ہے۔
درخواست کے متن کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے پہلےسے موجود ججز کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں نے مداخلت کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔
انھوں نے درخواست میں موقف اختیار کیاہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججوں نے میرے خلاف مقدمات میرٹ پرنمٹائے تھے۔
درخواست میں بانی پی ٹی آئی کی طرف سے کہا گیاہے کہ بغیر حلف اٹھائے ایک جج کو لا کر قائم مقام چیف جسٹس بنایا گیا، یہ سارے طریقےعدلیہ کی آزادی ختم کرنے کیلئے آزمائے جا رہے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.