پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقارعلی بھٹو کے اصل وارث بھٹو جونیئرکا سیاست میں آنے کااعلان

فوٹو: فائل

لاڑکانہ: سابق وزیراعظم پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقارعلی بھٹو کے اصل وارث بھٹو جونیئرکا سیاست میں آنے کااعلان، میر مرتضیٰ بھٹو کے صاحبزادے ذوالفقار علی بھٹو جونیئرنے سیاست میں آنے کی تصدیق کردی۔ 

 سیاست میں آمد کے حوالے سے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے ایک بیان میں کہا کہ یہ درست ہے میں سیاست میں آنے کا ارادہ رکھتا ہوں اور اس کا آغاز میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شہید بھٹو گروپ سے کروں گا۔ 

ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے کہا اس جماعت کی بنیاد میرے بابا نے رکھی تھی، وہ ابھی تک موجود ہے اور ہم اس کی قیادت کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ مجھے اپنے ملک سے اور لوگوں سے بہت کچھ سیکھنا ہے کیونکہ مجھے نہیں لگتا کہ میں سب کچھ جانتا ہوں میں اس کے لیے تیاریاں کر رہا ہوں۔

انہو ں نے مزید کہا کہ سندھ میں متنازع نہروں کا معاملہ وہاں کے لوگوں کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، سندھ میں پانی نہیں ہوگا تو انسان اور جنگی آبی حیات زندہ نہیں رہ سکیں گی۔ 

ذوالفقار جونیئر نے اس صورتحال کو ثقافتی نسل کشی سے بھی تعبیر کیا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں حکومت ابھی کانپ رہی ہے کیونکہ انہوں نے دیکھا ہے کہ کتنے لوگ احتجاج کر رہے ہیں جن میں سکول کے بچے اور خواتین بھی شامل ہیں اس لیے یہ بیانیہ تبدیل کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ بھٹوخاندان سے سیاست میں آنے والے مرتضیٰ بھٹو کو قتل کردیا گیا تھا جس کے بعد ان کی اہلیہ غنویٰ بھٹو نے پارٹی کی قیادت سنبھالی۔

اب سابق وزیراعظم اورپیپلز پارٹی کے بانی کے پوتے نے سیاست میں قدم رکھنےکااعلان کیاہے جس کے بعد سندھ کی سیاست میں ہلچل مچنے کا امکان ہے۔

BIG SUCCESS

تبصرے بند ہیں.