شاہد آفریدی کی آرمی چیف سے ملاقات،محسن نقوی کو چیئرمین پی سی بی کا عہدہ چھوڑنے کامشورہ

فوٹو: فائل

راولپنڈی : سابق کپتان شاہد آفریدی کی آرمی چیف سے ملاقات،محسن نقوی کو چیئرمین پی سی بی کا عہدہ چھوڑنے کامشورہ، شاہد آفریدی نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے پنڈی میں ملاقات  کی ہے۔

ملاقات میں شاہد آفریدی نے جنرل عاصم منیرکی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی اور اسی دوران اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ اگر پی سی بی چیئرمین محسن نقوی وزارت داخلہ اور پی سی بی چیئرمین شپ میں سے ایک کام کا انتخاب کریں تو اس سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔

اس حوالے سے جیو نیوزکی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ میری رائے میں ایک وقت میں دو کاموں سے وہ مکمل فوکس نہیں کررہے ہیں۔

 شاہد خان آفریدی نے  محسن نقوی کو مشورہ دیاکہ پی سی بی ٹوئنٹی فور سیون والی جاب ہے اس لیے آپ وزارت داخلہ اور پی سی بی میں سے کسی ایک کام کا انتخاب کریں، آپ ایک کام کریں گے تو اس سے پاکستان کو زیادہ فائدہ ہوگا۔

انھوں نے کہاکہ محسن نقوی ایک محنتی شخص ہیں جو کرکٹ کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ دو کشتیوں میں سوار ہوکر ایسا نہیں کرسکتے، وہ ایک کام پر فوکس کرکے بہتر انداز میں معاملات آگے بڑھا سکتے ہیں ان میں کرکٹ کی بہتری کے لیے بہت زیادہ جوش اور ہمت ہے۔

شاہد آفریدی نے جنرل عاصم منیر سے بھی کہا کہ ملک میں تفریح کا واحد ذریعہ کرکٹ ہے،محسن نقوی خلوص سے کچھ کر نا چاہتے ہیں لیکن دوعہدوں کے ساتھ وہ کامیاب نہیں ہوسکتے۔

ذرائع کے مطابق لاہور میں پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں ایک میٹنگ میں شاہد آفریدی نے محسن نقوی کے کاموں کی تعریف کی تھی لیکن انہیں یہ بھی کہا تھا کہ وہ اگر وزارت یا پی سی بی میں سے ایک کام کا انتخاب کریں تو اس سے وہ زیادہ بہتر انداز میں توجہ دے سکتے ہیں۔ 

ذرائع کے مطابق جون میں امریکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران محسن نقوی نے شاہد آفریدی کو پی سی بی میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی، شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ میں اپنی مصروفیات کے باوجود ہروقت پاکستان کے لیے حاضر ہوں۔

BIG SUCCESS

تبصرے بند ہیں.