عمرسرفراز چیمہ کا جسمانی ریمانڈ لینے کیلئے پنجاب حکومت سپریم کورٹ پہنچ گئی
فوٹو : فائل
اسلام آباد : پی ٹی آئی رہنما عمرسرفراز چیمہ کا جسمانی ریمانڈ لینے کیلئے پنجاب حکومت سپریم کورٹ پہنچ گئی اورسپریم کورٹ آف پاکستان نے جسمانی ریمانڈ سےمتعلق پنجاب حکومت کی اپیل پر ملزم عمر سرفراز چیمہ کو نوٹس جاری کردیا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے نو مئی مقدمات میں عمر سرفراز چیمہ کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق پنجاب حکومت کی اپیل پر سماعت کی۔
دوران سماعت پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ عمر سرفراز چیمہ سے اسلحہ برآمد کرنا ہے۔ چیف جسٹس یحیی آفریدی نے استفسار کیا کہ عمر سرفراز چیمہ ابھی کہاں ہیں؟
جس پر پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے بتایا کہ عمر سرفراز چیمہ کوٹ لکھپت جیل میں ہیں۔ چیف جسٹس یحیی افریدی نے استفسار کیا کہ ملزم جیل میں ہے تو تفتیش کر لیں کیا مسئلہ ہے؟
اس پر ذوالفقار نقوی نے موقف اختیار کیا کہ برآمدگی کے لیے جسمانی ریمانڈ ضروری ہے جو ہائیکورٹ نے نہیں دیا تھا۔
عدالت نے پنجاب حکومت کی اپیل پر عمر سرفراز چیمہ کو کوٹ لکھپت جیل انتظامیہ کے توسط سے نوٹس جاری کر دیا۔ کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی گئی۔
تبصرے بند ہیں.