عمران خان ہی معدنیات بل پر حتمی فیصلہ کریں گے، اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی

فوٹو : فائل

پشاور : خیبرپختونخوا اسمبلی کے اولڈ جرگہ ہال میں مائنز اینڈ منرلز بل 2025 کے حوالے سے اسپیکر کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے شرکاء کو بل کے حوالے سے تفصیلات فراہم کیں۔

اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی، قائد حزب اختلاف ڈاکٹر عباد اللہ، وزیر قانون آفتاب عالم، اراکین اسمبلی، متعلقہ محکموں کے افسران، وکلاء اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اسپیکر نے بتایا کہ یہ اجلاس اس بل پر اٹھنے والے سوالات، تحفظات اور تجاویز کے پیش نظر منعقد کیا گیا، تاکہ تمام متعلقہ فریقین کی آراء کو شامل کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ کابینہ سے منظور شدہ بل کے بعد ایوان میں اس کی ابتدائی پیشکش پر مختلف سطحوں پر سوالات سامنے آئے، جنہیں سنجیدگی سے لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹیرینز، وکلاء اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کی جانب سے بڑی تعداد میں تحریری تجاویز اور ترامیم موصول ہوئی ہیں، جنہیں مکمل طور پر ریکارڈ میں لایا گیا ہے۔

تمام تجاویز محکمہ معدنیات اور پرنسپل سیکریٹری کے ذریعے وزیراعلیٰ کو ارسال کی جائیں گی، جہاں ان پر غور کیا جائے گا۔ جن نکات کو مفید تصور کیا جائے گا، انہیں بل میں شامل کیا جائے گا، جبکہ نقصان دہ نکات کو خارج کیا جائے گا۔

اسپیکر نے اس موقع پر واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی باقاعدہ منظوری کے بغیر یہ بل نہ تو مشاورت کے اگلے مرحلے میں جائے گا اور نہ ہی اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی، عمران خان کو بل کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے، اور ان کی ہدایت کے بعد ہی آئندہ کسی پیش رفت پر غور کیا جائے گا، عمران خان ہی معدنیات بل پر حتمی فیصلہ کریں گے، اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کی وضاحت.

انہوں نے مزید کہا کہ اس مشاورتی عمل کا مقصد تمام اسٹیک ہولڈرز کے خدشات اور تجاویز کو یکجا کر کے ایک بہتر قانون سازی کو ممکن بنانا ہے۔ تمام موصولہ آرا اور سفارشات کو باضابطہ طریقے سے محکمہ معدنیات کے ساتھ شیئر کیا جائے گا، اور ان پر تفصیلی غور کے بعد بل کی آئندہ سمت کا تعین کیا جائے گا.

BIG SUCCESS

تبصرے بند ہیں.