کراچی حیدرآباد سپرہائی وے پر بس میں آتشزدگی، 17 مسافرجھلس کر جاں بحق ہو گئے

فوٹو: اسکرین گریب

کراچی: کراچی حیدرآباد سپرہائی وے پر بس میں آتشزدگی، 17 مسافرجھلس کر جاں بحق ہو گئے،حادثے میں20 مسافرجھلس کر زخمی ہوئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

حادثہ میں جاں بحق ہونے والے ایک ہی برداری کے لوگ تھےجو کہ سیلاب متاثرین بتائے جاتے ہیں جو کراچی سے واپس خیرپور ناتھن شاہ جارہے تھے۔

ڈپٹی کمشنر جام شورو کی طرف سے 12 بچوں،2 خواتین سمیت 17 اموات کی تصدیق کی گئی ہے ،حادثہ سپر ہائی وے پر نوری آباد کے قریب پیش آیا ۔

موٹروے پولیس کی طرف سے بتایا گیاہے کہ مسافر بس میں آگ ائر کنڈیشنڈ کا سرکٹ شارٹ ہونے سے لگی ہے، رات گئے زخمیوں کو اسپتال پہنچا دیاگیا۔

اس حوالے سےپارلیمانی سیکریٹری صحت قاسم سومرو کا کہنا ہے کہ کراچی، حیدر آباد اور جامشورو کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آگ سے زیادہ متاثر مسافروں کو کراچی منتقل کیا جائے گا، جاں بحق افراد میں زیادہ تعداد 2 سے 15 سال کی عمر کے بچوں کی ہے۔

سیکٹر کمانڈر موٹر وے پولیس جامشورو فرحان علی نےنجی ٹی وی سما سے گفتگو میں بتایا کہ موٹر وے پولیس نے گزشتہ دس روز سے مسافر گاڑیوں کے ایمرجنسی ایگزٹ ڈور سے متعلق مہم چلا رکھی تھی۔

انھوں نے کہا جن گاڑیوں میں ایمرجنسی گیٹ نہیں تھے ان کے چالان کئے جارہے تھے، اس واقعے میں ایمرجنسی گیٹ موجود اور فعال تھا، جس کی وجہ سے بڑا نقصان ہونے سے بچ گیا۔

حادثہ کے وقت گاڑی میں 50 سے زائد افراد سوار تھے آگ اے سی والے حصے میں لگی، جو پوری گاڑی میں پھیل گئی۔

وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے مسافر کوچ کو آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی اور ایس پی جامشورو کو متاثرین کی مدد کرنے کی ہدایت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کااظہارکیا۔

انہوں نے انتظامیہ کو حادثے کی جگہ پر ایمبولینس بھیجنے اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت جاری کی۔

مراد علی شاہ نے انتظامیہ کو متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرنے کا کہا۔انہوں نے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ بھیجنے کی بھی ہدایت کی

 

 

 

BIG SUCCESS

تبصرے بند ہیں.