قومی و صوبائی اسمبلیوں کی11نشستوں پر ضمنی انتخابات آج ہورہے ہیں

فوٹو: فائل

اسلام آباد: قومی و صوبائی اسمبلیوں کی11نشستوں پر ضمنی انتخابات آج ہورہے ہیں ،پولنگ کا سامان رات گئے تک پولنگ اسٹیشنز میں پہنچا دیا گیا،الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیکیورٹی انچارجز کو بھی پریزیڈائیڈنگ افسران کی طرح مجسٹریٹ کے اختیارات دے دیئےہیں۔

ملک کے مختلف 11 حلقوں میں ضمنی انتخابات ہورہے ہیں جن میں قومی اسمبلی کے 8 اور 3 صوبائی حلقوں پر پولنگ صبح 9 سے شام 5 بجے تک ہوگی، جس میں مجموعی طور پر 44 لاکھ 88 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

پی ٹی آئی کے زیادہ حلقوں میں عمران خان خود امیدوار ہیں قومی اسمبلی کے جن حلقوں پر ضمنی انتخاب ہوگا ان میں خیبرپختونخوا کے 3، کراچی کے 2 اور پنجاب کے 3 حلقے شامل ہیں جبکہ تینوں صوبائی نشستیں پنجاب اسمبلی کی ہیں۔

ملتان کی نشست پر شاہ محمود قریشی کی بیٹی اور یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے، پشاورمیں غلام احمد بلور، فیصل آباد میں عابد شیرعلی چیئرمین پی ٹی آئی کے مد مقابل ہیں۔

ضمنی انتخابات میں 24 لاکھ 60 ہزار مرد اور 20 لاکھ 28 ہزار خواتین ووٹرز ووٹ ڈالیں گی، گیارہ حلقوں میں 2 ہزار 937 پولنگ اسٹیشنز اور 9 ہزار 869 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں، تمام حلقوں میں 747 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور 694 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابقق ان 11 حلقوں میں 100 امیدواران میدان میں ہیں، ووٹرز اپنی اپنی باری پر ووٹ کاسٹ کرسکیں گے جبکہ حاملہ خواتین، خواجہ سرا، معذور اور بزرگ ووٹرز کو پہلے ترجیح دی جائے گی۔

الیکشن کمیشن  کے مطابق پولنگ کے دن سیکیورٹی کے تین حصار رکھے گئے ہیں، پولیس پہلے، رینجرز، ایف سی دوسرے اور فوج تیسرے سیکیورٹی حصار کیلئے موجود رہے گی۔ پاک فوج، رینجرز اور ایف سی کے ڈیوٹی انچارجز کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات حاصل ہوں گے۔

BIG SUCCESS

تبصرے بند ہیں.