میکسیکو میں بار پر نامعلوم مسلح شخص کی فائرنگ سے 12افراد ہلاک
فائل:فوٹو
میکسیوسٹی: میکسیکو کی ایک بار پر نامعلوم مسلح شخص نے فائرنگ کرکے 12 افراد کوموت کے گھاٹ اتاردیا۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق میکسیکو کے ایک بار پر نامعلوم مسلح شخص نے فائرنگ کردی۔جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ جبکہ فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہوگیا جس کے تعاقب میں پولیس ٹیم روانہ کی گئی تاہم گرفتاری نہ ہو سکی۔
ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ 12 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے جن میں 6 خواتین شامل ہیں۔
تاحال ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی قتل کی واردات کی وجہ کا تعین ہوسکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی تلاش جاری ہے جس کی گرفتاری کے بعد قتل کے محرکات کا پتہ چل سکے گا۔
واضح رہے کہ میکسیکو میں بڑی تعداد میں جرائم پیشہ گینگسٹرز متحرک ہیں اور اس قسم کے واقعات اکثر گینگ وار کا شاخسانہ ہوتے ہیں۔ رواں ماہ کے آغاز میں ایک ایسے ہی حملے میں میئر سمیت 20 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
تبصرے بند ہیں.